بنگلورو،25؍اگست (ایس او نیوز) میئر جی۔ پدماوتی اور بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کمشنر یم منجوناتھ پرساد نے مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران کہاکہ گنیش تہوار کے لئے مورتیوں کے وسرجن کے لئے بی بی ایم پی نے ضروری اقدامات کئے ہیں۔ وسرجن کے معاملہ کو لے کر شہریوں کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو اس کے لئے بی بی ایم پی نے کئی مقامات پر36؍تالابوں کی نشاندہی کی ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹی مورتیوں کو وسرجن کے لئے موبائل ٹینکوں کی سہولت بھی مہیا کرے گا۔ میئر نے بتایا کہ بی بی ایم پی نے صرف مٹی کی مورتیوں کو ہی استعمال کرنے کے متعلق عوام میں بیداری پیدا کی ہے جب کہ بازاروں میں دستیاب شدہ کمیکلس سے تیارکئے گئے گنیش مورتیوں کی خریدی نہ کرنے کی بھی گزارش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں پلاسٹر آف پیرس (پی او پی) سے تیارکی جانے والی مورتیوں کی خریدی بہت ہی کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی ایم پی نے اپنی حدود میں آنے والی 36؍جھیلوں کے صحن میں چھوٹے ٹینک بنائے ہیں جہاں مورتیوں کا وسرجن کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹی مورتیوں کے و سرجن کے لئے 250؍موبائل ٹینکوں کی سہولت بھی مہیا کی ہے۔ کرناٹک اسٹیٹ پلیوشین کنٹرول بورڈ (کے یس پی سی بی) نے بھی 42؍موبائل ٹینکروں کی سہولت فراہم کرایا ہے جس سے گھروں تک پہنچ کر مورتیوں کوو سرجن کرنے کی سہولت ملے گی۔ میئر نے کہاکہ انتظامیہ یا پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر جھیلوں میں مورتیوں کو ہرگز وسرجن نہ کریں۔کیونکہ یہ قانون کے خلاف ہے۔ اس کے برعکس بی بی ایم پی کی جانب سے وسرجن کے لئے نشاندہی کرنے جھیلوں کے صحن میں تعمیر شدہ ٹینکوں میں ہی مورتیوں کا وسرجن کیا جائے۔ کمشنر منجوناتھ پرساد نے بتایا کہ جن جھیلوں کے صحن میں مورتیوں کو وسرجن کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے وہاں روشنی کا انتظام بجلی ،ہیلپ لائن ،سکیورٹی اسٹاف ،رضاکارانہ تنظیموں کے کارکنان اور تیراکوں کو بھی تعینات کیا جائے گا اس کے علاوہ بی بی ایم پی کی جانب سے گینگ مین کی بھی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مورتیوں کو وسرجن کے دوران پھول اور پتوں ،گھاس سمیت دیگر ناکارہ چیزوں کو پھینکنے کے لئے علاحدہ کوڑا دان بھی رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے صرف ان میں ان ناکارہ چیزوں کو پھینکنے کی بھی گزارش کی اور کہاکہ جھیلوں کو ہرگز گندہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ رات 10:30؍بجے سے قبل مورتیوں کا وسرجن کرنا ہوگا۔ اس کے بعد وسرجن کا بالکل موقع نہیں دیا جائے گا۔ جلوس کے دوران پٹاخوں، لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔ منجوناتھ پرساد نے بتایا کہ بی بی ایم پی کی جانب سے شہر میں پی او پی مورتیوں کی خریدی پر پابندی لگائی گئی ہے۔ شہر میں بڑی تعداد میں اس طرح کی مورتیاں فروخت کے لئے پہلے لائی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی جانب سے اس طرح کی مورتیوں کی فروخت پر پابندی لگائی تو ایک طرح سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مانند ہوگا۔ اس لئے بی بی ایم پی نے امسال پی او پی مورتیوں کی فروخت کی پابندی میں ڈھیل دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی ایم پی کی گزارش کا احترام کرتے ہوئے لوگ پی او پی کی بجائے مٹی کی مورتیوں کی خریدی میں ہی دلچسپی دکھارہے ہیں۔